65a854e0fbfe1600199c5c82

نمازِ تراویح: شرعی حیثیت، وقت اور رکعات


 اِصلاحِ اَغلاط: عوام میں رائج غلطیوں کی اِصلاح

سلسلہ نمبر 215:

🌻 نمازِ تراویح: شرعی حیثیت، وقت اور رکعات

ہندی زبان میں پڑھنے کے لیے ⬇️

▪ سلسلہ احکامِ تراویح 1️⃣

پی ڈی ایف فائل 📚 👈 CLICK ON HEAR


📿 تراویح کی فضیلت اور اس کی شرعی حیثیت:

1️⃣ رمضان المبارک میں تراویح کی بڑی ہی فضیلت ہے، حضور اقدس ﷺ نےاس کو سنت قرار دیا ہے، اس لیے حضراتِ فقہاء فرماتے ہیں کہ ہر عاقل بالغ مرد اور عورت کے ذمّے تراویح سنتِ مؤکدہ ہے۔

(سنن النسائی حدیث: 2210، فیض القدیر حدیث: 1660، اعلاء السنن، رد المحتار مع در مختار)


تنبیہ: اس سے معلوم ہوا کہ جس طرح مَردوں کے لیے تراویح پڑھنے کا اہتمام ضروری ہے اسی طرح خواتین کے لیے بھی تراویح کا اہتمام ضروری ہے،بعض خواتین تراویح کو اہمیت نہیں دیتیں بلکہ اس کو ترک کرنے کے لیے معمولی بہانوں کا بھی سہارا لیتی ہیں، ان کا یہ طرزِ عمل ہرگز درست نہیں۔

2️⃣ تراویح چوں کہ سنتِ مؤکدہ ہے، اس لیے بلا عذر تراویح چھوڑتے رہنا گناہ ہے۔

(رد المحتار، امداد الفتاویٰ)


📿 تراویح کا وقت:

1️⃣ یکم رمضان المبارک کی رات سے تراویح کا وقت شروع ہوجاتا ہے اور ماہِ رمضان کی آخری رات تک رہتا ہے، یعنی ماہِ رمضان کی ہر رات تراویح پڑھنا سنتِ مؤکدہ ہے۔

2️⃣ تراویح کا وقت عشا کی فرض نماز کے بعد سے شروع ہوتا ہے اور فجر تک رہتا ہے، فجر کا وقت داخل ہوتے ہی تراویح کی نماز کا وقت ختم ہوجاتا ہے، اس لیے اگر کسی شخص نے فجر سے پہلے تراویح نہیں پڑھی تو فجر کے بعد اس کی قضا نہیں، البتہ بلا عذر تراویح ترک کرنے پر استغفار کرنا چاہیے۔

3️⃣ اس سے معلوم ہوا کہ جو شخص ڈیوٹی یا کسی اور عذر کی وجہ سے عشا کی نماز کے فورًا بعد تراویح ادا نہ کرسکے تو اسے چاہیے کہ صبح صادق طلوع ہونے سے پہلے تک جب بھی موقع ملے تو تراویح ادا کرنے کی کوشش کرے اور پوری رات میں اس قدر وقت نکال لے کہ جس میں تراویح ادا کی جاسکتی ہو۔

4️⃣ جس شخص سے تراویح کی دو یا زیادہ رکعات چلی جائیں تو اگر نمازِ وتر سے پہلے ان کو ادا کرنے کا موقع مل رہا ہو تو نمازِ وتر سے پہلے ہی ادا کرلے ورنہ تو نمازِ وتر کے بعد فجر سے پہلے پہلے کسی بھی وقت ادا کرلے۔

(رد المحتار، فتاویٰ بزازیہ، الاختیار، فتح القدیر، فتاویٰ قاضی خان، بدائع الصنائع، فتاویٰ محمودیہ)

5️⃣ تراویح ادا کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ عشا کی نماز فاسد ہوچکی ہے تو ایسی صورت میں عشا کی نماز کے ساتھ ساتھ تراویح بھی دوبارہ ادا کرنی ہوگی۔ (الحلبی الکبیر، فتاویٰ محمودیہ)


📿 تراویح کی رکعات اور ان کے احکام:

1️⃣ تراویح بیس رکعات ہی سنت ہے، حضور اقدس ﷺ نے بیس رکعات تراویح ادا فرمائی ہیں، جیسا کہ مصنف ابن ابی شیبہ میں یہ حدیث شریف موجود ہے کہ:

7774: حَدَّثَنَا يَزِيْدُ بْنُ هَارُونَ قَالَ: أَخْبَرَنَا إبْرَاهِيْمُ بْنُ عُثْمَانَ، عَنِ الْحَكَمِ، عَنْ مِقْسَمٍ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ: أَنَّ رَسُوْلَ اللهِ ﷺ كَانَ يُصَلِّيْ فِيْ رَمَضَانَ عِشْرِيْنَ رَكْعَةً وَالْوِتْرَ.

بیس رکعات تراویح حضرات صحابہ کرام سے بھی ثابت ہے اور یہی چاروں ائمہ کرام اور جمہور امت کا مذہب ہے، اس سے معلوم ہوا کہ تراویح آٹھ رکعات نہیں ہے اور نہ ہی اس کا کوئی ٹھوس ثبوت ہے، بلکہ بیس رکعات سے کم تراویح پڑھنا سنت ہی نہیں، اس لیے آٹھ رکعات تراویح پڑھنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

(اعلاء السنن، رد المحتار مع درمختار، فتاویٰ محمودیہ)

2️⃣ تراویح دو دو رکعات پڑھنا سنت ہے، اس لیے بہتر یہی ہے کہ دو دو رکعات کرکے تراویح ادا کی جائیں، البتہ اگر کوئی شخص ایک ساتھ چار رکعات تراویح ادا کرلے تب بھی جائز ہے۔ (بدائع الصنائع، تبیین الحقائق)


📿 تراویح میں چار رکعات کے بعد وقفہ کرنے کا حکم:

ہر چار رکعات تراویح کے بعد وقفہ کرنا مستحب ہے کہ اتنی مقدار وقفہ کیا جائے جتنی دیر میں یہ چار رکعات ادا کی ہیں، البتہ اگر مقتدی حضرات کی تنگدلی کی وجہ سے تھوڑی دیر وقفہ کرلیا جائے تب بھی جائز ہے، اور اگر کوئی بالکل وقفہ ہی نہ کرے تب بھی کوئی حرج نہیں۔


📿 چار رکعات تراویح کے بعد وقفے میں کوئی مخصوص عمل ثابت نہیں:

چار رکعات تراویح کے بعد کیے جانے والے وقفے میں شریعت نے کوئی خاص عمل سنت یا لازم قرار نہیں دیا اور نہ ہی روایات سے کوئی مخصوص عمل ثابت ہے، اس لیے کسی عمل کو سنت، ثابت یا لازم قرار دینا ہرگز درست نہیں، بلکہ ہر ایک کو اختیار ہے: چاہے تو ذکر کرے، دُعا کرے، استغفار کرے، درود شریف پڑھے یا ویسے ہی خاموش رہے؛ یہ سب جائز ہے۔ 

📿 مروجہ تسبیحِ تراویح کی حقیقت:

بعض اہلِ علم نے چار رکعات تراویح کے وقفے میں اس دعا کا بھی ذکر فرمایا ہے:

«سُبْحَانَ ذِي الْمُلْكِ وَالْمَلَكُوتِ، سُبْحَانَ ذِي الْعِزَّةِ وَالْعَظَمَةِ وَالْقُدْرَةِ وَالْكِبْرِيَاءِ وَالْجَبَرُوتِ، سُبْحَانَ الْمَلِكِ الْحَيِّ الَّذِي لَا يَمُوتُ، سُبُّوحٌ قُدُّوسٌ رَبُّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوحِ، لَا إله إلَّا اللہُ نَسْتَغْفِرُ اللهَ، نَسْأَلُكَ الْجَنَّةَ وَنَعُوذُ بِكَ مِنَ النَّارِ».

البتہ اس دعا سے متعلق یہ باتیں ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ:

1️⃣ تراویح کے وقفے میں اس دعا کا پڑھنا قرآن وسنت سے ثابت نہیں، اس لیے اس کو سنت یا مستحب نہیں قرار دیا جاسکتا۔ واضح رہے اس تسبیح کو شرعی حدود سے آگے نہیں بڑھانا چاہیے کہ اس کو لازم، سنت یا ثابت شدہ قرار دیا جائے۔

2️⃣ چوں کہ یہ دعا اللہ تعالیٰ کی تسبیح اور حمد وثنا پر مشتمل ہے اس لیے شرعی حدود میں رہتے ہوئے چار رکعات کے بعد وقفے میں اگر کوئی اس کو پڑھنا چاہے تو درست ہے۔

3️⃣ جب تراویح کے وقفے میں اس دعا کا کوئی ثبوت نہیں ہے تو اس کو دعائے تراویح یا تسبیحِ تراویح کہنا بھی مشکل ہے۔ آجکل بہت سے لوگ اس کو دعائے تراویح یا تسبیحِ تراویح کے عنوان سے شائع کرنے کا اہتمام کرتے ہیں جس کی وجہ سے غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں، اس لیے یہ قابلِ اصلاح بات ہے۔


📿 تراویح کے وقفے میں بلند آواز سے تسبیحِ تراویح یا ذکر کرنے کا حکم:

متعدد مساجد میں یہ معمول ہے کہ تراویح کے وقفے میں اجتماعی طور پر مذکورہ تسبیح، کلمہ طیبہ یا کوئی اور 

ذکر بلند آواز سے کیا جاتا ہے، واضح رہے کہ قرآن وسنت سے اس کا کوئی ثبوت نہیں اس لیے اس سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔


❄️ حضرات اکابر دیوبند رحمہ اللہ کا معمول اور موقف:

1️⃣ قطب الارشاد فقیہ محدث حضرت اقدس مولانا رشید احمد گنگوہی رحمہ اللہ تراویح کے وقفے میں ’’سبحان اللّٰہ والحمد للّٰہ ولا الٰہ الا اللّٰہ واللّٰہ اکبر‘‘ پڑھا کرتے تھے۔ 

2️⃣ حضرت اقدس مفتی اعظم مفتی عزیز الرحمٰن عثمانی صاحب رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ: فقہاء نے لکھا ہے کہ ہر ترویحہ تراویح میں یعنی چار رکعت کے بعد اختیار ہے کہ تسبیح پڑھے یا قرآن شریف پڑھے یا رکعاتِ نفل پڑھے یا کچھ نہ کرے، اور ’’شامی‘‘ میں ہے کہ ’’قہستانی‘‘ میں ہے کہ بعد ہر ترویحہ کے ’’سبحان ذی الملک والملکوت الخ‘‘ تین بار پڑھے۔ احقر کہتا ہے کہ کلمہ ’’سبحان اللّٰہ والحمدللّٰہ ولا الٰہ الا اللّٰہ واللّٰہ اکبر‘‘ کی بہت فضیلت احادیث صحیحہ میں وارد ہے، اس لیے تکرار اس کا افضل ہے، اور یہی معمول ومختار تھا حضرت محدث وفقیہ گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ کا۔ (فتاویٰ دار العلوم دیوبند سوال نمبر: 1761، 4/ 185، 186)

3️⃣ حکیم الامت مجدد الملت مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ اس وقفے میں پچیس مرتبہ درود شریف پڑھ لیتے تھے۔ (اکابر کا رمضان: 38، مکتبۃ الشیخ)

4️⃣ حضرت فقیہ الملۃ مفتی محمود حسن گنگوہی رحمہ اللہ ایک سوال کے جواب میں فرماتے ہیں کہ: اس جلسہ استراحت میں تسبیح، دورود شریف، استغفار، تلاوت ودعا سب باتوں کا اختیار ہے۔ (فتاویٰ محمودیہ 7/349)

5️⃣ شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دام ظلہم فرماتے ہیں: 

تراویح میں ہر چار رکعتوں کے بعد عام رکعتوں کی مقدار بیٹھنا مستحب ہے، اس وقفے میں کوئی خاص ذکر واجب یا مسنون نہیں۔فقہاء نے لکھا ہے کہ چاہے کچھ تسبیحات پڑھ لے، چاہے الگ نفلیں پڑھے اور چاہے تو خاموش رہے۔ اور مشایخ کا معمول یہ ہے کہ اس میں یہ تسبیح پڑھتے ہیں:

«سُبْحَانَ ذِي الْمُلْكِ وَالْمَلَكُوتِ، سُبْحَانَ ذِي الْعِزَّةِ وَالْعَظَمَةِ وَالْقُدْرَةِ وَالْكِبْرِيَاءِ وَالْجَبَرُوتِ، 

سُبْحَانَ الْمَلِكِ الْحَيِّ الَّذِي لَا يَمُوتُ، سُبُّوحٌ قُدُّوسٌ رَبُّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوحِ، لَا إله إلَّا اللہُ نَسْتَغْفِرُ اللهَ، نَسْأَلُكَ الْجَنَّةَ وَنَعُوذُ بِكَ مِنَ النَّارِ».

اور یہ تسبیح آہستہ پڑھنی چاہیے، امام کو بھی اور مقتدی کو بھی۔ (فتاویٰ عثمانی 1/459) 


📚 فقہی عبارات:

الدر المختار:

(يَجْلِسُ) نَدْبًا (بَيْنَ كُلِّ أَرْبَعَةٍ بِقَدْرِهَا وَكَذَا بَيْنَ الْخَامِسَةِ وَالْوِتْرِ) وَيُخَيَّرُونَ بَيْنَ تَسْبِيحٍ وَقِرَاءَةٍ وَسُكُوتٍ وَصَلَاةٍ فُرَادَى.

☀ رد المحتار:

(قَوْلُهُ: يَجْلِسُ) لَيْسَ الْمُرَادُ حَقِيقَةَ الْجُلُوسِ، بَل الْمُرَادُ الِانْتِظَارُ؛ لِأَنَّهُ يُخَيَّرُ بَيْنَ الْجُلُوسِ ذَاكِرًا أَوْ سَاكِتًا وَبَيْنَ صَلَاتِهِ نَافِلَةً مُنْفَرِدًا كَمَا يَذْكُرُهُ، أَفَادَهُ فِي «شَرْحِ الْمُنْيَةِ» وَ«الْبَحْرِ». (قَوْلُهُ: نَدْبًا) وَمَا يُفِيدُهُ كَلَامُ «الْكَنْزِ» مِنْ أَنَّهُ سُنَّةٌ، تَعَقَّبَهُ الزَّيْلَعِيُّ بِأَنَّهُ مُسْتَحَبٌّ لَا سُنَّةٌ، وَبِهِ صَرَّحَ فِي «الْهِدَايَةِ». (قَوْلُهُ: بَيْنَ كُلِّ أَرْبَعَةٍ) الْأَوْضَحُ قَوْلُ «الْكَنْزِ»: بَعْدَ كُلِّ أَرْبَعَةٍ، أَوْ قَوْلُ «الْمُنْيَةِ» وَ«الدُّرِّ»: بَيْنَ كُلِّ تَرْوِيحَتَيْنِ؛ لِإِيهَامِهِ أَنَّ الْجِلْسَةَ بَعْدَ الشَّفْعِ الْأَوَّلِ مِنْ كُلِّ أَرْبَعَةٍ. وَالْجَوَابُ أَنَّ الْمُرَادَ بَيْنَ كُلِّ أَرْبَعَةٍ وَأَرْبَعَةٍ فَحَذَفَ أَحَدَ الْمُتَعَدِّدَيْنِ كَمَا فِي قَوْله تَعَالَى: «لا نُفَرِّقُ بَيْنَ أَحَدٍ مِنْ رُسُلِهِ» [البقرة: 285]، أَيْ بَيْنَ أَحَدٍ وَأَحَدٍ، وَلَا فَسَادَ فِي ذَلِكَ فَافْهَمْ. (قَوْلُهُ: وَكَذَا بَيْنَ الْخَامِسَةِ وَالْوِتْرِ) صَرَّحَ بِهِ فِي «الْهِدَايَةِ» وَاسْتَدْرَكَ عَلَيْهِ فِي «النَّهْرِ» بِمَا فِي «الْخُلَاصَةِ» مِنْ أَنَّ أَكْثَرَهُمْ عَلَى عَدَمِ الِاسْتِحْبَابِ، وَهُوَ الصَّحِيحُ. اهـ. أَقُولُ: هَذَا سَبْقُ نَظَرٍ؛ فَإِنَّ عِبَارَةَ «الْخُلَاصَةِ» هَكَذَا: وَالِاسْتِرَاحَةُ عَلَى خَمْسِ تَسْلِيمَاتٍ اخْتَلَفَ الْمَشَايِخُ فِيهِ وَأَكْثَرُهُمْ عَلَى أَنَّهُ لَا يُسْتَحَبُّ وَهُوَ الصَّحِيحُ اهـ. فَإِنَّ مُرَادَهُ بِخَمْسِ تَسْلِيمَاتٍ خَمْسُ أَشْفَاعٍ: أَيْ عَلَى الرَّكْعَةِ الْعَاشِرَةِ كَمَا فُسِّرَ بِهِ فِي شَرْحِ «الْمُنْيَةِ» لَا خَمْسُ تَرْوِيحَاتٍ كُلُّ تَرْوِيحَةٍ أَرْبَعُ رَكَعَاتٍ، فَقَدْ اشْتَبَهَ عَلَى صَاحِبِ «النَّهْرِ» التَّسْلِيمَةُ بِالتَّرْوِيحَةِ فَافْهَمْ. (قَوْلُهُ: بَيْنَ تَسْبِيحٍ) قَالَ الْقُهُسْتَانِيُّ: فَيُقَالُ ثَلَاثَ مَرَّاتٍ: «سُبْحَانَ ذِي الْمُلْكِ وَالْمَلَكُوتِ، سُبْحَانَ ذِي الْعِزَّةِ وَالْعَظَمَةِ وَالْقُدْرَةِ وَالْكِبْرِيَاءِ وَالْجَبَرُوتِ، سُبْحَانَ الْمَلِكِ الْحَيِّ الَّذِي لَا يَمُوتُ، سُبُّوحٌ قُدُّوسٌ رَبُّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوحِ، لَا إلَهَ إلَّا اللهُ نَسْتَغْفِرُ اللهَ، نَسْأَلُك الْجَنَّةَ وَنَعُوذُ بِك مِن النَّارِ» كَمَا فِي «مَنْهَجِ الْعِبَادِ». اهـ. (قَوْلُهُ: وَصَلَاةُ فُرَادَى) أَيْ صَلَاةُ أَرْبَعِ رَكَعَاتٍ فَيُزَادُ سِتَّ عَشْرَةَ رَكْعَةً. قَالَ الْعَلَّامَةُ قَاسِمٌ: إنْ زَادُوهَا مُنْفَرِدِينَ لَا بَأْسَ بِهِ وَهُوَ مُسْتَحَبٌّ، وَإِنْ صَلَّوْهَا بِجَمَاعَةٍ كَمَا هُوَ مَذْهَبُ مَالِكٍ كُرِهَ إلَخْ. وَفِي «النَّهْرِ»، وَأَمَّا الصَّلَاةُ فَقِيلَ: مَكْرُوهَةٌ، وَقِيلَ: سُنَّةٌ، وَهُوَ ظَاهِرُ مَا فِي «السِّرَاجِ»، وَأَهْلُ مَكَّةَ يَطُوفُونَ وَأَهْلُ الْمَدِينَةِ يُصَلُّونَ أَرْبَعًا. اهـ.

☀ الموسوعة الفقهية:

الاسْتِرَاحَةُ بَيْنَ كُل تَرْوِيحَتَيْنِ:

اتَّفَقَ الْفُقَهَاءُ عَلَى مَشْرُوعِيَّةِ الاِسْتِرَاحَةِ بَعْدَ كُل أَرْبَعِ رَكَعَاتٍ؛ لأَنَّهُ الْمُتَوَارَثُ عَنِ السَّلَفِ، فَقَدْ كَانُوا يُطِيلُونَ الْقِيَامَ فِي التَّرَاوِيحِ وَيَجْلِسُ الإِْمَامُ وَالْمَأْمُومُونَ بَعْدَ كُل أَرْبَعِ رَكَعَاتٍ لِلاِسْتِرَاحَةِ. وَقَال الْحَنَفِيَّةُ: يُنْدَبُ الاِنْتِظَارُ بَيْنَ كُل تَرْوِيحَتَيْنِ، وَيَكُونُ قَدْرَ تَرْوِيحَةٍ، وَيَشْغَل هَذَا الاِنْتِظَارَ بِالسُّكُوتِ أَوِ الصَّلاةِ فُرَادَى أَوِ الْقِرَاءَةِ أَوِ التَّسْبِيحِ. وَقَال الْحَنَابِلَةُ: لَا بَأْسَ بِتَرْكِ الاِسْتِرَاحَةِ بَيْنَ كُل تَرْوِيحَتَيْنِ، وَلا يُسَنُّ دُعَاءٌ مُعَيَّنٌ إِذَا اسْتَرَاحَ؛ لِعَدَمِ وُرُودِهِ.

📿 نمازِ تراویح کے ثبوت سے متعلق غلط فہمی کا ازالہ:

نمازِ تراویح سے متعلق بعض لوگ یہ مغالطہ دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ نمازِ ترایح کا ثبوت قرآن وسنت سے ہے ہی نہیں بلکہ یہ تو تہجد کی نماز ہے، اس طرح وہ تراویح کی نماز کی جداگانہ حیثیت کا انکار کرتے ہیں، جبکہ بعض لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ بیس رکعات نمازِ تراویح حضور اقدس ﷺ سے ثابت نہیں، بلکہ یہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا ایجاد کردہ عمل یا ذاتی فیصلہ ہے، اس لیے یہ سنت نہیں۔

ذیل میں ان دو پہلوؤں سے متعلق غلط فہمی کے ازالے کے لیے چند روایات ذکر کی جاتی ہیں۔ 


📿 نمازِ تراویح احادیث مبارکہ کی روشنی میں:

1️⃣ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ فرماتے ہیں کہ جس شخص نے ایمان کی حالت میں ثواب کی نیت سے رمضان کی راتوں کو قیام کیا تو اس کے پچھلے تمام (صغیرہ) گناہ معاف کردیے جاتے ہیں۔

☀ صحیح بخاری میں ہے:

2008- عَن ابْنِ شِهَابٍ قَالَ: أَخْبَرَنِي أَبُو سَلَمَةَ أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللهِ ﷺ يَقُولُ لِرَمَضَانَ: مَنْ قَامَهُ إِيمَانًا وَاحْتِسَابًا غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ. (بَابُ فَضْلِ مَنْ قَامَ رَمَضَانَ)

اس حدیث میں رمضان میں راتوں کی عبادت کی خصوصیت کے ساتھ ترغیب دی گئی ہے، جس سے تراویح کا ثبوت واضح ہے، جیسا کہ امت کے جلیل القدر محدث امام مسلم رحمہ اللہ نے اپنی کتاب صحیح مسلم میں بھی اس حدیث کا ذکر فرمایا ہے اورصحیح مسلم کے شارح امام نووی رحمہ اللہ نے اس حدیث پر یہ باب قائم کیا ہے کہ ‘‘باب التَّرْغِيبِ فِى قِيَامِ رَمَضَانَ وَهُوَ التَّرَاوِيحُ’’ کہ قیامِ رمضان یعنی تراویح کی ترغیب کا بیان، گویا کہ امام نووی رحمہ اللہ یہی فرمانا چاہتے ہیں کہ اس حدیث میں قیامِ رمضان سے خصوصیت کے ساتھ تراویح مراد ہے۔


▪ اس تفصیل سے ان متجددین حضرات کا بھی بخوبی جواب ہوجاتا ہے جو کہ سمجھتے ہیں کہ تراویح امت میں کوئی نماز ہی نہیں کیوں کہ جب امام نووی رحمہ اللہ تراویح کا لفظ استعمال فرما رہے ہیں تو اس سے معلوم ہوتا ہے کہ تراویح امت میں ایک معروف نام رہا ہے جس سے ہر ایک واقف تھا، اور امام نووی رحمہ اللہ کی اس بات کی پوری امت میں کسی نے تردید نہیں کی، جو اس بات سے اتفاق کی واضح دلیل ہے۔ظاہر ہے کہ امت کے جلیل القدر ائمہ کی تشریحات کو ترک کرکے دورِ حاضر کے ان متجددین حضرات کی بات کیسے قبول کی جاسکتی ہے؟؟


1815 - حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ يَحْيَى قَالَ: قَرَأْتُ عَلَى مَالِكٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ حُمَيْدِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ عَنْ أَبِى هُرَيْرَةَ: أَنَّ رَسُولَ اللهِ ﷺ قَالَ: «مَنْ قَامَ رَمَضَانَ إِيمَانًا وَاحْتِسَابًا غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ ». (صحيح مسلم، باب التَّرْغِيبِ فِى قِيَامِ رَمَضَانَ وَهُوَ التَّرَاوِيحُ)


اسی طرح امت کے دیگر جلیل القدر محدثین نے بھی اس حدیث سے تراویح ہی مراد لی ہے جیسا کہ صحیح مسلم کے شارح امام نووی رحمہ اللہ شرح مسلم میں اس حدیث کی شرح میں فرماتے ہیں کہ: اس حدیث میں قیامِ رمضان سے تراویح مراد ہے جس کے مستحب (یعنی سنت ہونے) پر علماء کا اتفاق ہے۔ تراویح پر اہل علم کے اتفاق سے یہ بھی واضح ہوجاتا ہے کہ تراویح ایک مستقل نماز ہے، جس کو اہل علم نے تسلیم کیا ہے۔

شرح مسلم للنووی:

قوله ﷺ: «من قام رمضان إيمانا واحتسابا» معنى «إيمانا»: تصديقا بأنه حق مقتصد فضيلته، ومعنى «احتسابا»: أن يريد الله تعالى وحده لا يقصد رؤية الناس ولا غير ذلك مما يخالف الإخلاص، والمراد بقيام رمضان صلاة التراويح، واتفق العلماء على استحبابها.


2️⃣ حضور اقدس ﷺ نے فرمایا کہ: اللہ تعالیٰ نے تم پر رمضان کے روزے فرض قرار دیے ہیں جبکہ میں نے تمھارے لیے رمضان کی راتوں کو قیام سنت قرار دیا ہے۔

☀ سنن النسائی میں ہے کہ:

2209- أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ اللهِ بْنِ الْمُبَارَكِ قَالَ: حَدَّثَنَا أَبُو هِشَامٍ قَالَ: حَدَّثَنَا الْقَاسِمُ بْنُ الْفَضْلِ قَالَ: حَدَّثَنَا النَّضْرُ بْنُ شَيْبَانَ قَالَ: قُلْتُ لِأَبِي سَلَمَةَ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ: حَدِّثْنِي بِشَيْءٍ سَمِعْتَهُ مِنْ أَبِيكَ سَمِعَهُ أَبُوكَ مِنْ رَسُولِ اللهِ ﷺ لَيْسَ بَيْنَ أَبِيكَ وَبَيْنَ رَسُولِ اللهِ ﷺ أَحَدٌ فِي شَهْرِ رَمَضَانَ قَالَ: نَعَمْ، حَدَّثَنِي أَبِي قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ: «إِنَّ اللهَ تَبَارَكَ وَتَعَالَى فَرَضَ صِيَامَ رَمَضَانَ عَلَيْكُمْ وَسَنَنْتُ لَكُمْ قِيَامَهُ، فَمَنْ صَامَهُ وَقَامَهُ إِيمَانًا وَاحْتِسَابًا خَرَجَ مِنْ ذُنُوبِهِ كَيَوْمِ وَلَدَتْهُ أُمُّهُ». 

یہ حدیث بھی تراویح کی نماز کا واضح ثبوت ہے کیوں کہ اس میں خصوصیت کے ساتھ قیامِ رمضان کو سنت قرار دیا گیا ہے اور یہی ہمارا موقف ہے کہ تراویح سنت ہے۔ جبکہ تہجد کے بارے میں احادیث میں ایسی کوئی صراحت نہیں ملتی، اس لیے علمائے امت نے اس حدیث سے بھی استدلال کیا ہے۔

3️⃣ حضرت عمرو بن مرّۃ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک شخص حضور اقدسﷺ کے پاس آیا اور عرض کیا کہ اگر میں اللہ کی توحید اور آپ کی رسالت کی گواہی دوں، پانچ وقت نماز ادا کیا کروں، زکوۃ ادا کیا کروں، رمضان کے روزے رکھا کروں اور رمضان کی راتوں کو قیام یعنی عبادت کیا کروں تو کن لوگوں میں میرا شمار ہوگا؟ تو حضور اقدس ﷺ نے فرمایا کہ صدیقین اور شہدا میں سے۔

☀ صحیح ابن حبان میں ہے کہ:

3438- عن عيسى بن طلحة قال: سمعت عمرو بن مرة الجهني قال: جاء رجل إلى النبي ﷺ فقال: يا رسول الله، أرأيت إن شهدت أن لا إله إلا الله وأنك رسول الله وصليت الصلوات الخمس وأديت الزكاة وصمت رمضان وقمته فممن أنا؟ قال: «من الصديقين والشهداء».

اس حدیث مبارک میں رمضان کی راتوں کے قیام کو مستقل طور پر ذکر فرما کر تراویح کی طرف واضح اشارہ کیا گیا ہے۔

4️⃣ حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ ہم نے حضور اقدس ﷺ کے ساتھ رمضان کی تئیسویں شب کو تہائی رات تک نماز ادا کی، پھر پچیسویں شب کو آدھی رات تک نماز ادا کی، پھر ستائیسویں شب کو رات کے آخری پہر تک نماز ادا کی حتی کہ ہمیں سحری کا وقت ختم ہوجانے کا اندیشہ ہونے لگا۔

☀ مستدرک حاکم میں ہے: 

1608 - أخبرنا عبد الله بن محمد البلخي ببغداد: حدثنا أبو إسماعيل السلمي: حدثنا عبد الله بن صالح: حدثني معاوية بن صالح: حدثني أبو طلحة بن زياد الأنصاري قال: سمعت النعمان بن بشير على منبر حمص يقول: قمنا مع رسول الله ﷺ في شهر رمضان ليلة ثلاث وعشرين إلى ثلث الليل ثم قمنا معه ليلة خمس وعشرين إلى نصف الليل ثم قمنا معه ليلة سبع وعشرين إلى نصف الليل ثم قمنا معه ليلة سبع وعشرين حتى ظننا أن لا ندرك الفلاح، وكنا نسميها الفلاح و أنتم تسمون السحور.


یہ حدیث نقل کرنے کے بعد امام حاکم رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ: یہ حدیث صحیح ہے اور امام بخاری کی شرائط کے مطابق ہے۔اور اس میں واضح دلیل ہے کہ مساجد میں ادا کی جانے والی تراویح کی نماز سنت ہے۔

هذا حديث صحيح على شرط البخاري ولم يخرجه، وفيه الدليل الواضح أن صلاة التراويح في مساجد المسلمين سنة مسنونة، وقد كان علي بن أبي طالب يحث عمر رضي الله عنهما على إقامة هذه السنة إلى أن أقامها.

یہ حدیث اور اس کے متعلق ایک جلیل القدر امام کی تصریح بھی تراویح کی نماز کا واضح ثبوت ہے۔ 


📿 بیس رکعات تراویح کا ثبوت:

ماہِ رمضان کی راتوں میں بیس رکعات تراویح کا ثبوت حضور اقدس ﷺ سے بھی ہے اور اکابر صحابہ کرام سے بھی، اس سے جہاں تراویح کا ثبوت ہوتا ہے وہیں بیس رکعات کا بھی ثبوت ہوتا ہے۔ ملاحظہ فرمائیں:


🌼 حضور اقدس ﷺ سے بیس رکعات تراویح کا ثبوت:


1️⃣ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کی روایت:

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ حضور اقدس ﷺ ماہِ رمضان میں بیس رکعات (تراویح) اور نمازِ وتر پڑھتے تھے۔

☀ مصنف ابن ابی شیبہ میں ہے کہ:

7774- حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ قَالَ: أَخْبَرَنَا إبْرَاهِيمُ بْنُ عُثْمَانَ عَنِ الْحَكَمِ، عَنْ مِقْسَمٍ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ: أَنَّ رَسُولَ اللهِ ﷺ كَانَ يُصَلِّي فِي رَمَضَانَ عِشْرِينَ رَكْعَةً وَالْوِتْرَ.

☀ السنن الکبریٰ للبیہقی میں ہے:

4799- أَخْبَرَنَا أَبُو سَعْدٍ الْمَالِينِىُّ: حَدَّثَنَا أَبُو أَحْمَدَ بْنُ عَدِىٍّ الْحَافِظُ: حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ عَبْدِ الْعَزِيزِ: حَدَّثَنَا مَنْصُورُ بْنُ أَبِى مُزَاحِمٍ: حَدَّثَنَا أَبُو شَيْبَةَ عَنِ الْحَكَمِ عَنْ مِقْسَمٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: كَانَ النَّبِىُّ ﷺ يُصَلِّى فِى شَهْرِ رَمَضَانَ فِى غَيْرِ جَمَاعَةٍ بِعِشْرِينَ رَكْعَةً وَالْوِتْرَ.

☀ المعجم الاوسط للطبرانی میں ہے کہ:

798- حدثنا أحمد بن يحيى الحلواني قال: حدثنا علي بن الجعد قال: حدثنا أبو شيبة إبراهيم بن عثمان عن الحكم بن عتيبة عن مقسم عن بن عباس: أن النبي ﷺ كان يصلي في رمضان عشرين ركعة سوى الوتر.

☀ المعجم الکبیر میں ہے:

12102- حدثنا محمد بن جعفر الرازي ثنا علي بن الجعد ثنا أبو شيبة إبراهيم بن عثمان عن الحكم عن مقسم عن ابن عباس قال: كان النبي ﷺ يصلي في رمضان عشرين ركعة والوتر.

☀ مسند عبد بن حمید میں ہے کہ:

653 - حدثني أبو نعيم قال حدثني أبو شيبة عن الحكم عن مقسم عن بن عباس قال : كان رسول الله ﷺ يصلي في رمضان عشرين ركعة ويوتر بثلاث.

☀ کتاب: جزء من حديث أبي الحسن محمد بن طلحة النعالي میں ہے کہ:

33- حدثنا أبو حفص عمر بن أحمد بن محمد بن حمة الخلال: حدثنا حامد بن محمد البلخي: حدثنا منصور بن أبي مزاحم: حدثنا شيبة عن الحكم عن مقسم عن ابن عباس قال: كان رسول الله ﷺ يصلي في شهر رمضان عشرين ركعة والوتر .


2️⃣ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کی روایت:

حضور اقدس ﷺ رمضان کی ایک رات تشریف لائے اور صحابہ کو چوبیس رکعات (یعنی چار فرض اور بیس تراویح) اور تین رکعات وتر پڑھائی۔

☀ تاریخ جرجان میں ہے کہ:

556- أبو الحسن علي بن محمد بن أحمد بن عبد الله الفقيه الشافعي الزاهد جرجاني كان يعرف بأبي الحسن القصري ينزل بباب الخندق وتوفي في الجامع يوم الجمعة عند المحراب العتيق بعد الصلاة يوم عاشوراء سنة ثمان وستين وثلاثمائة روى عن عبد الرحمن بن عبد المؤمن وعاصم بن سعيد وأحمد بن عبد الكريم والبغوي وابن صاعد وابن أبي داود وغيرهم: حدثنا أبو الحسن علي بن محمد بن أحمد القصري الشيخ الصالح رحمه الله: حدثنا عبد الرحمن بن عبد المؤمن العبد الصالح قال: أخبرني محمد بن حميد الرازي: حدثنا عمر بن هارون: حدثنا إبراهيم بن الحناز عن عبد الرحمن عن عبد الملك بن عتيك عن جابر بن عبد الله قال: خرج النبي ﷺ ذات ليلة في رمضان فصلى الناس أربعة وعشرين ركعة وأوتر بثلاثة. 

ان احادیث سے تراویح ہی ثابت ہوتی ہے اور یہی مطلب امت کے جمہور اہل علم نے مراد لیا ہے، جبکہ اس سے تہجد کسی نے بھی مراد نہیں لیا۔


📿 بیس رکعات تراویح کی روایات کی اسنادی حیثیت:

ماقبل میں بیان شدہ احادیث معتبر اور قابلِ قبول ہیں جس کی وجوہات درج ذیل ہیں:

1️⃣ ان احادیث کے تمام راوی معتبر اور قابلِ اطمینان ہیں، اور جن راویوں پر کلام کیا جاتا ہے وہ راوی بھی معتبر ہیں۔ تفصیل کے لیے دیکھیے: اعلاء السنن۔

2️⃣ ان احادیث کو تلقی بالقبول حاصل ہے کہ امت نے ان کو قبول کیا ہے اور انھی کے مطابق امت کا عمل رہا ہے حتی کہ چاروں ائمہ کرام کا عمل بھی انھی پر رہا ہے۔ اور اصولِ حدیث میں سے ایک معتبر اصول یہ ہے کہ جب کسی حدیث کو تلقی بالقبول حاصل ہوجائے اور امت کا عمل اسی کے مطابق ہوجائے تو وہ صحیح شمار ہوتی ہے اگرچہ وہ سند کے اعتبار سے ضعیف ہی کیوں نہ ہو، بلکہ تواترِ عملی کی وجہ سے اس کی سند سے بحث ہی نہیں کی جاتی۔ دیکھیے تدریب الراوی ودیگر کتب اصول حدیث۔ گویا کہ یہ عین ممکن ہے کہ ایک حدیث سند کے اعتبار سے ضعیف ہو لیکن امت کے تلقی بالقبول اور تواتر عملی کی وجہ سے وہ حدیث معتبر اور قابل قبول قرار پاتی ہے، جیسا کہ جامع الترمذی سے واقف حضرات جانتے ہیں کہ امام ترمذی رحمہ اللہ نے متعدد احادیث پر ضعف کا حکم بھی لگایا لیکن ساتھ ہی یہ بھی فرمایا کہ: وَالْعَمَلُ عَلَى هَذَا عِنْدَ أَكْثَرِ أَهْلِ الْعِلْمِ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ ﷺ وَمَنْ بَعْدَهُمْ، یا: وَالعَمَلُ عَلَى هَذَا عِنْدَ أَكْثَرِ أَهْلِ العِلْمِ، جس کا معنی ہی یہی ہوتا ہے کہ یہ حدیث اگرچہ ضعیف ہے لیکن صحابہ وتابعین میں سے اکثر اہلِ علم کا عمل اسی پر ہے۔ اس سے ان حضرات کی غلطی کی بھی اصلاح ہوجاتی ہے جو حدیث کے صحیح اور ضعیف ہونے یا معتبر ہونے اور نہ ہونے کا سارا دارومدار سند کو بناتے ہیں۔

3️⃣ ان احادیث کی تائید حضرات خلفائے راشدین اور حضرات صحابہ کرام کے عمل سے بھی ہوتی ہے کہ انھوں نے بھی بیس رکعات تراویح ادا فرمائی ۔


✍🏻 : مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہم 

فاضل جامعہ دار العلوم کراچی

24 شعبان المعظم1441ھ/ 18 اپریل 2020


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے