✨❄ اِصلاحِ اَغلاط: عوام میں رائج غلطیوں کی اِصلاح❄✨
سلسلہ نمبر 1384:
🌻 ازدواجی زندگی سے متعلق دینی تعلیمات سیکھنے کی ضرورت
📿 میاں بیوی کے لیے ازدواجی حقوق اور اخلاقیات سیکھنے کی اشد ضرورت:
1️⃣ میاں بیوی کو شادی سے پہلے بھی اور شادی کے بعد بھی ازدواجی زندگی سے متعلق باہمی حقوق، دینی تعلیمات اور اخلاقیات سیکھنے کی اشد ضرورت ہوا کرتی ہے کہ نکاح کی ضرورت، فوائد اور فضائل کیا ہیں؟ میاں بیوی کے ایک دوسرے پر کیا کیا حقوق ہیں؟ میاں بیوی پر ایک دوسرے کی کیا کیا ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں؟ ازدواجی زندگی کی اخلاقیات کیا ہیں؟ صحیح طریقے سے زندگی گزارنے کے لیے کن کن اخلاقیات اور اوصاف کی ضرورت ہوا کرتی ہے؟ باہمی تنازعات کیسے حل کیے جاسکتے ہیں؟ باہمی جھگڑوں میں دینی تعلیمات اور اخلاقیات کی پاسداری کیسے کی جاسکتی ہے؟ معافی تلافی اور صبر وتحمل کی ضرورت اور فضائل کیا ہیں؟ سسرال کے حقوق اور اخلاقیات کیا ہیں؟ ازدواجی زندگی میں میاں بیوی کے والدین کی مداخلت کی شرعی حیثیت اور حدود کیا ہیں؟ ازدواجی تعلق سے متعلق دینی تعلیمات کیا ہیں؟ بلاوجہ طلاق دینے کے نقصانات کیا ہیں؟ طلاق دینے کی نوبت آئے تو اس کا درست اور شرعی طریقہ کیا ہے؟ یہ ساری باتیں سیکھنے اور سمجھنے کی اشد ضرورت ہوا کرتی ہیں۔
2️⃣ واضح رہے کہ مذکورہ تعلیمات سیکھے بغیر نہ تو صحیح طریقے سے ازدواجی زندگی بسر کی جاسکتی ہے، نہ ہی شریعت کی خلاف ورزی اور رب کی ناراضگی سے بچا جاسکتا ہے، نہ ہی ظلم اور حق تلفی سے بچا جاسکتا ہے اور نہ ہی ازدواجی زندگی کا چین وسکون حاصل کیاجاسکتا ہے، بلکہ ان سے غفلت کے نتیجے میں طرح طرح کی پریشانیاں اور خرابیاں جنم لے لیتی ہیں اور بسا اوقات تو رشتے اور خاندان تک اُجڑ جاتے ہیں اور آخرت میں بھی بڑے خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
3️⃣ ایک قابلِ ذکر پہلو یہ بھی ہے کہ ہمارے معاشرے میں شادی بیاہ میں لاکھوں روپے بے ریغ خرچ کیے جاتے ہیں، طرح طرح کی غیر شرعی رسومات اور خرافات کی فکر کی جاتی ہے، جہیز دینے اور مطالبہ کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے، ان تمام باتوں کے لیے بڑی ہی فکرمندی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے، لیکن اپنی اولاد کو شادی سے متعلق مذکورہ دینی تعلیمات سے آگاہ کرنے کی فکر نہیں کی جاتی! حالاں کہ بہترین ازدوجی زندگی گذارنے کے لیے زیادہ ضروری پہلو یہی ہے کہ اپنی اولاد کو ازدواجی زندگی سے متعلق مذکورہ تعلیمات اور اخلاقیات سکھانے کی کوشش کی جائے کیوں کہ زندگی انھی کے دم سے بہتر گذاری جاسکتی ہے۔اس لیے والدین کو بھی اس اہم پہلو کا احساس ہونا چاہیے۔
✍🏻۔۔۔ مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہم
فاضل جامعہ دار العلوم کراچی
محلہ بلال مسجد نیو حاجی کیمپ سلطان آباد کراچی
12 ذو الحجہ 1444ھ/ یکم جولائی 2023
0 تبصرے