65a854e0fbfe1600199c5c82

شیخ موبائل‘‘ کی صحبت سے نکل کر’’شیخ کامل‘‘ کی صحبت اختیار کریں

 *’’شیخِ موبائل‘‘ کی صحبت سے نکل کر’’شیخ کامل‘‘ کی صحبت اختیار کریں*



✍️ ابو صارم


سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کی اس طلسماتی دنیا سے نکلیں اور حقیقی دنیا میں، اپنی ذات پر، اپنے اہل خانہ اور خاندان والوں کے ساتھ اصلاحی کام کریں۔


بظاہر نظر آنے والا یہ ۲ ہزار ۵ ہزار یا ۱۰ ہزار کا چینل یا گروپ جہاں ہم دن رات دنیا والوں کی اصلاح کی فکر میں جیتے ہیں، یہاں سے وہاں سے پوسٹ کاپی کر کے یا ٹائپ کر کے لوگوں کے لیے ارسال کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ دین کا بہت بڑا کام کر رہے ہیں۔ یہ سب محض دھوکہ کے سوا کچھ نہیں۔ ایک طلسماتی دنیا ہے جس کے دھوکے میں اچھے اچھے گرفتار ہیں۔


اصلاح کا کام سب سے پہلے اپنی ذات سے ہی شروع ہوتا ہے۔اور اپنی ذاتی اصلاح کا سب سے عمدہ اور آسان طریقہ کسی سچے صاحبِ نسبت کی صحبت میں رہ کر اپنی اصلاح کروائی جائے۔اس بات کو وہ شخص بخوبی سمجھ سکتا ہے جس نے کسی شیخِ صادق کا دامن تھام کر ان کی صحبت اختیار کر کے اپنی اصلاح کی کوشش کر رہا ہو۔ 


لیکن افسوس ہم دھوکے میں گرفتار ہیں، ہم یہ سوچتے ہیں کہ یوٹیوب میں علماء کے بیانات سن کر اور دیکھ کر اچھی اچھی باتیں سیکھ جائیں گے اور دین پر چلنا آسان ہو جائے گا۔ میں اپنا ذاتی تجربہ بتا رہا ہوں اس سے اصلاح ممکن ہی نہیں، ہاں وقتی جذبہ سے سرشار ہو کر کچھ دنوں تک اس کا اثر نظر آئے گا لیکن ’’اصلاح‘‘ نہیں ہوگی۔اہل علم اچھی طرح جانتے ہیں کہ جو فائدے اہل اللہ کی صحبت اختیار کرنے میں ہے وہ کوسوں دور بیٹھ کر ’’شیخِ موبائل‘‘ یا ’’شیخِ یوٹیوب‘‘ کی صحبت سے حاصل نہیں ہو سکتے۔


جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم انٹرنیٹ کے ذریعہ علماء کے بیانات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا دیں گے اور لوگ اس سے اثر لیں گے وہ بھی دھوکہ میں ہیں۔ انٹرنیٹ کے ذریعہ آپ نے علماء کی یا اہل اللہ کی بات تو لوگوں تک پہنچا دی لیکن وہ صحبت کا فیض کیسے حاصل ہوگا جو علماء حق اور کسی اللہ والے کے ساتھ بیٹھنے سے حاصل ہوتا ہے؟؟؟


لہٰذا یہی گزارش ہے کہ ’’شیخِ موبائل‘‘ اور ’’شیخِ انٹرنیٹ‘‘ کی صحبت سے نکل کر کسی ’’سچے شیخِ کامل‘‘ کی صحبت میں جا کر بیٹھیں اور یہ سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنی اور دنیا والوں کی اصلاح کی فکر چھوڑ دیں، کیوں کہ اس کا کوئی حاصل نہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے