65a854e0fbfe1600199c5c82

میں آج کسی کی تعزیت نہ کروں گا

میں آج کسی کی تعزیت نہ کروں  گا


آج اس دکھ کی گھڑی میں کس کو تعزیت پیش کریں اور کس سے تعزیت قبول کریں، ہر ایک تعزیت کا مستحق ہے اور متمنی بھی، زبان گنگ ہے اور قلم سپید، لکھنے کے بہ جائے مٹانے کا خواہش مند، بولنے کے بہ جائے سننے کی متقاضی، تمنا ہے کہ گویائی سماعت ہوجائے، کسی ایسے متکلم کی تلاش میں جو ان کے ذکر سے اس کے آبلوں پہ مرہم رکھ سکے، دل کے پھپھولوں کو سکون بخش سکے، لیکن آخر متکلم بھی کیا کرے، جب کلام ہی بیوہ اور تحریر ہی یتیم ہو جائے... 

 میں تو آج کسی کی تعزیت نہ کروں گا، کیوں کہ سب میرے شریک حال ہیں، میں تو قلم و کلام کی ماتم پرسی کروں گا، ان کا پرسان حال کون ہے، وہ زبان جو ان کے گھر کی ایک فرد تھی، جس کی نوک وپلک کو وہ محبوب کے پر پیچ وخم دار زلفوں کی طرح سنوارا کرتے تھے، آج اس پریشان حال آب دیدہ یتیم کے سر پر ہاتھ کون رکھے، وہ جن کی غیرت نے کبھی گوارا نہیں کیا، کہ اس پر کوئی بری نظر بھی ڈال سکے، آج اس کے سر پر پیرہن کون رکھے، وہ قلم کہ جس کو انھوں نے چلنا سکھایا تھا، آج اس کا ہاتھ تھامنے والا کون ہے...

پھر میں اپنی اور اپنے جیسوں کی تعزیت کروں گا، جنھوں نے ان کی تحریر سے لکھنا سیکھا، اور تکلم سے کلام کیا، جن کے املا کی درستگی سے لے کر اخلاق کی درستگی انھیں کی دین ہے، اور جن بے علموں نے ان سے صرف علم ہی نہیں لیا، بل کہ اپنی بد سلیقگی کا بھی ادراک انھیں سے پایا..

وہ جو ایک مثالیہ تھے، جنھوں نے کبھی درجہ دوم پر قناعت نہیں کی، جو زبان وقلم کے پالنہار تھے، جو زبان کو جیسے چاہتے تھے ادا کرتے تھے، آج انھیں کے لیے "ہے" کو "تھے" کرنے میں کلیجہ منھ کو آتا ہے، وہ جو یقینا عالم کا نور تھے، آج اپنی رخصتی کے ذریعے عالم کو اس کے تمام اصدار واشتقاق کے ساتھ بے نور کر گئے...


چارہ گر بھی جو یوں گزر جائیں 

پھر یہ بیمار کس کے گھر جائیں 


آج کا غم بڑی قیامت ہے 

آج سب نقش غم ابھر جائیں 


ہے بہاروں کی روح سوگ نشیں 

سارے اوراق گل بکھر جائیں


ناز پروردہ بے نوا مجبور 

جانے والے یہ سب کدھر جائیں


ہے شب ماتم مسیحائی 

اشک دامن میں تا سحر جائیں 


مرنے والے ترے جنازے میں 

کیا فقط ہم بہ چشم تر جائیں 


کاش دل خون ہو کے بہہ جائے 

کاش آنکھیں لہو میں بھر جائیں


کل کا دن ہائے کل کا دن اے جونؔ 

کاش اس رات ہم بھی مر جائیں


 مفتی ابراھیم ہمیر پوری کے شکریہ کے ساتھ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے