65a854e0fbfe1600199c5c82

وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے وقت شہادت کی انگلی سے اشارہ کرنے کا حکم



 ✨❄ اِصلاحِ اَغلاط: عوام میں رائج غلطیوں کی

 اِصلاح❄✨

سلسلہ نمبر 645:

🌻 وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے وقت شہادت کی انگلی سے اشارہ کرنے کا حکم


بعض حضرات فقہاء کرام نے وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے وقت آسمان کی طرف شہادت کی انگلی سے اشارہ کرنے کو آداب میں سے شمار فرمایا ہے، جیسا کہ ’’حاشیۃ الطحطاوی علی المراقی‘‘ میں حضرت غزنوی رحمہ اللہ کے حوالے سے یہ ذکر کیا گیا ہے:

قوله: «والإتيان بالشهادتين بعده» ذكر الغزنوي أنه يشير بسبابته حين النظر إلى السماء. 

(آداب الوضوء)

لیکن واضح رہے کہ وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے وقت آسمان کی طرف شہادت کی انگلی اُٹھانا سنت یا لازم تو ہرگز نہیں، البتہ اس کو وضو کے آداب میں سے شمار کرنا بھی مشکل ہے، جس کی وجوہات درج ذیل ہیں:

1⃣ احادیث مبارکہ سے وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے وقت آسمان کی طرف شہادت کی انگلی اُٹھانا ثابت نہیں ہے۔ (احسن الفتاویٰ: 10/ 136) اسی طرح حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعین عظام رحمہم اللہ سے بھی اس کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔

2️⃣ جمہور فقہاء کرام نے بھی وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے وقت آسمان کی طرف شہادت کی انگلی اُٹھانے کا کوئی ذکر نہیں فرمایا ہے، حتی کہ اپنی فقہی کتب میں حتی الامکان فرائض، سنتوں اور آداب کا احاطہ کرنے والے حضرات نے بھی اس کا ذکر نہیں فرمایا۔

3⃣ متقدمین حضرات فقہاء کرام سے بھی اس عمل کا کوئی ثبوت نہیں ملتا، بلکہ اس کا ذکر صرف ’’حاشیۃ الطحطاوی علی المراقی‘‘ میں ملتا ہے، جس میں مأخذ کے طور پر حضرت غزنوی رحمہ اللہ کا ذکر ہے، جن کے بارے میں یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس سے کون مراد ہیں۔ (دیکھیے: احسن الفتاویٰ: 10/ 136، 137)


⬅️ مذکورہ تفصیل اور وجوہات سے یہ بات بخوبی واضح ہوجاتی ہے کہ وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے وقت آسمان کی طرف شہادت کی انگلی اُٹھانے کو سنت، مستحب، ادب یا لازم قرار نہیں دیا جاسکتا کیوں کہ اس کی کوئی معتبر دلیل اور کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔ 

▪تاہم چوں کہ ’’حاشیۃ الطحطاوی علی المراقی‘‘ میں اس کو ادب قرار دیا گیا ہے اور انھی کے ذکر کرنے کی وجہ سے بعض دیگر اہلِ علم حضرات نے بھی اس کو ادب کے طور پر قبول کیا ہے اس لیے اس عمل کو ناجائز کہنا بھی مشکل ہے، بلکہ اس بنیاد پر زیادہ سے زیادہ اس عمل کو جائز قرار دیا جاسکتا ہے، البتہ اگر وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے وقت آسمان کی طرف شہادت کی انگلی اُٹھانے کو ثابت، سنت یا لازم سمجھا جانے لگے تو اس کو ترک کرنا ضروری ہوگا۔ 


✍🏻۔۔۔ مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہ

فاضل جامعہ دار العلوم کراچی

محلہ بلال مسجد نیو حاجی کیمپ سلطان آباد کراچی

11 ذو القعدہ 1442ھ/ 22 جون 2021

03362579499

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے