65a854e0fbfe1600199c5c82

رمضان کی راتیں فضولیات میں گزارنے کی اصلاح

 


✨❄ اِصلاحِ اَغلاط: عوام میں رائج غلطیوں کی اِصلاح❄✨


سلسلہ نمبر 1290:

🌻 رمضان کی راتیں فضولیات میں گزارنے کی اصلاح

🌻रमज़ान की रातें फुजू़ल चीज़ों में गुज़ारने की इस्लाह़


📿 ماہِ رمضان کی مبارک راتیں فضولیات میں جاگ کر گزارنے کی اصلاح:

آجکل یہ مزاج عام ہوتا جارہا ہے کہ بہت سے لوگ ماہِ رمضان کی مبارک راتیں فضولیات اور غیر ضروری امور میں جاگ کر گزار دیتے ہیں کہ یا تو ان مبارک راتوں میں مختلف کھیل کھیلے جاتے ہیں، یا ان کھیلوں کے لیے تماشائی بنا جاتا ہے، یا ہوٹلوں اور پارکوں وغیرہ میں یہ وقت گزارا جاتا ہے، یا یہ وقت موبائل کی نذر کردیا جاتا ہے، یا ان کے علاوہ دیگر فضول امور میں یہ وقت ضائع کردیا جاتا ہے۔ یہ بہت ہی قابلِ اصلاح مزاج ہے، اور اس کا غلط ہونا اس قدر واضح ہے کہ اس حوالے سے کچھ لکھنے کی حاجت نہیں، لیکن چوں کہ نصیحت مؤمن کو فائدہ دیتی ہے اس لیے ذیل میں اس عادت کی وجہ سے پیدا ہونے والی خرابیوں کا مختصر تذکرہ کیا جاتا ہے تاکہ قارئین کو فائدہ ہو۔ ملاحظہ فرمائیں:

1️⃣ ماہِ رمضان کی مبارک راتیں فضولیات اور غیر ضروری امور میں جاگ کر گزارنے کی وجہ سے راتوں کی عبادات سے محرومی ہوجاتی ہے، حالانکہ یہ بہت ہی قیمتی راتیں ہوا کرتی ہیں جن کی زیادہ سے زیادہ قدر کرنی چاہیے اور ان کی قدر یہی ہے کہ انھیں فضولیات کی بجائے حسبِ استطاعت عبادات میں گزاری جائیں۔

2️⃣ جو لوگ ماہِ رمضان کی راتیں فضولیات میں گزارتے ہیں تو اس بُری عادت کی وجہ سے وہ لوگ عمومًا دن کو زیادہ اوقات میں سوئے پڑے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے دن کی عبادات بھی نصیب نہیں ہوتیں، گویا کہ رات فضولیات میں ضائع ہوگئی اور دن سوتے میں گزار دیا، دونوں ہی صورتوں میں رمضان المبارک کے قیمتی لمحات سے فائدہ نہ اٹھایا گیا۔ یہ کس قدر محرومی کی بات ہے! حالاں کہ ماہِ رمضان کا تو لمحہ لمحہ قیمتی ہے، ان لمحات کی بڑی ہی قدر کرنے کی ضرورت ہے۔

3️⃣ ماہِ رمضان کی مبارک راتیں فضولیات اور غیر ضروری امور میں جاگ کر گزارنے کی صورت میں کافی دفعہ گناہوں کا بھی ارتکاب ہوجاتا ہے، یوں ماہِ رمضان کے فضائل وبرکات سے محرومی کے ساتھ ساتھ روزے کا مقصد بھی فوت ہوجاتا ہے کیوں کہ روزے کا مقصد اپنے اندر تقویٰ پیدا کرنا ہے، اور گناہوں کا ارتکاب اس مقصد کے خلاف ہے۔ اس لیے ہر اس مشغلے سے بچنا چاہیے جس کی وجہ سے گناہوں میں مبتلا ہونے کی نوبت آئے کہ یہ بڑے ہی خسارے  کا سبب بن جاتا ہے۔

4️⃣ ماہِ رمضان کی قیمتی راتیں فضولیات میں جاگ کر گزارنے کی وجہ سے بسا اوقات فجر کی نماز ادا کرنے کی بھی ہمت نہیں ہوتی جس کے نتیجے میں بعض لوگ فجر کی نماز کا انتظار کیے بغیر ہی سوجاتے ہیں، اسی طرح بعض لوگ فجر کی جماعت ترک کردیتے ہیں۔ اس کا غلط اور نقصان دہ ہونا کس قدر واضح ہے!

5️⃣ ماہِ رمضان کی راتوں میں کھیل کھیلنے میں بھی متعدد خرابیوں کا ارتکاب کیا جاتا ہے کہ بسا باوقات باقاعدہ جوا اور سٹہ لگایا جاتا ہے اور اس کھیل کی وجہ سے بسا اوقات دیگر لوگ تکلیف میں بھی مبتلا ہوجاتے ہیں۔ 

اسی طرح ان مبارک راتوں میں گھروں کے باہر بیٹھ کر گپ شپ لگانے کی وجہ سے آس پاس کے گھر والوں کے آرام میں بھی خلل آجاتا ہے، یوں یہ بُری عادت بسا اوقات متعدد  کبیرہ گناہوں کا ذریعہ بھی بن جاتی ہے۔


▪️خلاصہ یہ کہ ماہِ رمضان کی راتیں فضولیات میں گزارنا نقصان اور محرومی کا سبب بن جاتا ہے، اس لیے اس سے اجتناب کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ماہِ رمضان کے مبارک لمحات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔


✍🏻۔۔۔ مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہ 

فاضل جامعہ دار العلوم کراچی

محلہ بلال مسجد نیو حاجی کیمپ سلطان آباد کراچی

7 رمضان المبارک 1444ھ/ 29 مارچ 2023

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے