65a854e0fbfe1600199c5c82

واٹسپ سے عبرت حاصل کیجئے!

 


سنوسنو!!
واٹسپ سے عبرت حاصل کیجئے!


ناصرالدین مظاہری

۱۹؍جولائی ۲۰۲۳ء


جن دوستوں کے فون آتے رہتے ہیں یا وہ میسیج کرتے رہتے ہیں، پیغامات بھیجتے رہتے ہیں ان کے نام سرفہرست نظرآتے ہیں اور جونسیاًمنسیاً کردیتے ہیں ، بے وقت بجلی کی طرح کوندکرخاموش ہوگئے توایسے لوگوں کے نام اس فہرست میں دیرمیں اوردورمیں جاکرملتے ہیں۔میرے ضمیرنے کہاکہ ناصر!اس سے توطریقت کاایک باب واہوجاتا ہے۔اللہ تعالیٰ بھی ہم سے ہمہ وقت اپنی یادکاتقاضا کرتا ہے،وہ فرماتاہے :


’’جو کھڑے اور بیٹھے اور پہلوؤں کے بل لیٹے ہوئے اللہ کو یاد کرتے ہیں اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں غور کرتے ہیں۔ اے ہمارے رب!تو نے یہ سب بیکار نہیں بنایا۔ تو پاک ہے ، تو ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچالے ‘‘۔


اس فرمان سے توطریقت کاسب سے عظیم اورمہتم بالشان باب جڑا ہواہے، جوشخص کبھی کبھی اپنے دوست کویادرکھتاہے تواس کانام نیچے بہت نیچے چلاجاتاہے اور جوزیادہ یادکرتا ہے ان کانام اوپرہی موجودرہتاہے۔کسی نے کہااورخوب کہا:


دل کے آئینے میں ہے تصویریار

جب ذرا گردن جھکائی دیکھ لی

جی ہاں اپنے دل کے آئینے میں تصویر یاربرکھنا بہت محبوب عمل ہے، شرط یہ ہے کہ ہمارا محبوب وہ ہوجوہم کوہرموقع پریاد رکھتا ہے،جوصبح سے شام تک ہمیں خوشیاں دیتاہے ،جوہمیں ہمارے رنج کے موقع پرصبر اورصبر پر اجردینے کی تلقین اوریقین دہانی کراتاہے ،جوہماری شہ رگ سے زیادہ قریب ترہے ،جوہم سے کہتاہے کہ تم مجھے یادکروتاکہ میں تمہیں یادکروں،وہ ہم سے صرف اتناہی توچاہتاہے کہ اس کویادکیا جائے،اس کی خلاقی اورصناعی پرغور کیاجائے،اس کی نعمتوں کو کھایا جائے،اس کی دی ہوئی صحت پراس کاشکراداکیاجائے،اسی نے توپیداکیاہے،اسی کے پاس تولوٹ کے جاناہے ،اسی کی مرضی توچلی ہے ،اسی کی مرضی توچلے گی، اوپر نیچے دائیں بائیں آگے پیچھے ہرجگہ وہی توہے اس کے علاوہ سب کچھ فریب ہے۔رب کعبہ کی قسم !بیوی بیوہ ہوجائے توعدت پوری کرکے دوسراشوہرتلاش کرلیتی ہے، شوہراپنی بیوی سے محروم ہوجائے تو دوسری بیوی لے آتاہے،بچے نسیاً منسیاً کردیتے ہیں،اپنے ہوں یا پرائے ہمیشہ کوئی کسی کو یادنہیں رکھتاہے البتہ ایک ہستی ایسی ہے جوہروقت یادرکھتی ہے اوروہ ہے اللہ!


اللہ تعالیٰ اپنے فرماں برداروں کوبھی یادرکھتاہے،نافرمانوں کوبھی یاد رکھتا ہے،وہ چاہتا ہے کہ جوفرماں بردار ہیں وہ بھی مجھے یادرکھیں اورجو نافرمان ہیں وہ بھی اسی کی طرف لوٹ آئیں ،وہ ہرگز سزادینا نہیں چاہتا،وہ عذاب میں گرفتارکرنا نہیں چاہتا،وہ ہرگزنہیں چاہتاکہ اس کے بندے نارجحیم میں عذاب الیم جھلیں وہ توہمیشہ یہی چاہتاہے کہ اس کے بندے جنت کی نعمتوں سے لطف اندوزہوں اسی لئے اس نے اپنے ہربندے کوپاک اور پاکیزہ پیدا کیاہے،اس نے تمام نومولودوں کوفطرت اسلام پرپیدا کیاہے ،گویااس کی رضااور مرضی یہی ہے کہ اس کی بنائی ہوئی وسیع وعریض جنت بھرجائے اوراس کی بنائی ہوئی خوفناک جہنم سونی پڑی رہے لیکن آہ!حضرت انسان!کتنے عجیب ہیں جواللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کی ناقدری کرکے، ناشکری کرکے،کفراورشرک کرکے،گناہ پرگناہ کرکے اپنے اس دل کو کالا کرلیتے ہیں جووقت ولادت دودھ کی طرح صاف وشفاف تھا۔وقت مرگ کویلے کی طرح سیاہ ہوچکاہے۔جی ہاں !اللہ تعالیٰ کواپنے بندوں کے ہرگناہ پرترس آتاہے کہ اس کے بندے نے اپنے اعمال نامے کی سیاہیوں میں اضافہ کرلیا،وہ جنت سے ایک بالشت دوراورجہنم سے ایک بالشت قریب ہوگیا۔


اللہ تعالیٰ ہمیشہ یہی چاہتاہے کہ اس کے بندے اسی کے بندے بن کررہیں شیطان کے بندے اوراس کے کارندے نہ بنیں۔اسی لئے اللہ تعالیٰ نے دوگروہ بنادئے ایک گروہ عبادالرحمن کاہے دوسراگروہ عبادالشیطان کا ،رحمان والے بندے اللہ کی صفت رحمانی کالطف لیں گے اورشیطان والے بندے اللہ تعالیٰ کی ناراضی کو جھیلیں گے۔


یہ چھوٹاساپروگرام ہے جس کو واٹسپ کہتے ہیں ،بصیرت اور عبرت کی کتنی چیزیں آپ اسی ایک پروگرام سے سیکھ سکتے ہیں جی ہاں! آپ نے کسی کوکچھ لکھ کربھیجا،بعدمیں پتہ چلاکہ اوہو توغلط لکھ دیا، فوری طورپرآپ نے احساس ہوتے ہی ڈیلیٹ کردیا توپھرآپ اپنی اس بات سے اتنا بھی دھیان نہیں دیتے کہ ندامت اورتوبہ کامعاملہ بھی توایساہی ہے آپ کواپنے گناہوں پرندامت ہوئی،اپنی غلطیوں کااحساس ہوا اور فوراً آپ نے توبہ کرکے اپنی غلطیوں کومٹادیا۔ان اللّٰہ یحب التوابین ویحب المتطہرین کاصاف صاف مطلب تویہی ہے کہ بے شک اللہ محبت رکھتا ہے توبہ کرنے والوں سے اور محبت رکھتا ہے پاک صاف رہنے والوں سے۔

غلطی کااحساس ہو ،گناہ پرشرمندگی ہو،دل سے اس غلطی پر پچھتاوا ہوا، آنکھیںآنسوؤں سے ترہوجائیں، بس سمجھوکہ کام ہوگیاگریہ و زاری اللہ کو بہت پسند ہے، انسان جب اپنے خالق ومالک کے سامنے روتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس بندے سے بے انتہا خوش ہوتا ہے۔


رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک کوئی چیزدو قطروں سے زیادہ محبوب نہیں، ایک آنسو کا قطرہ جو اللہ کے خوف سے نکلا ہو اور دوسرا خون کا وہ قطرہ جو اللہ کے راستہ میں گراہوا۔


مولانائے روم نے یہ شعرکہہ کرروم روم کوتازگی بخش دی ہے:


قطرہ اشکِ ندامت در سجود

ہمسری خون شہادت می نمود

============

مضمون: فیسبک سے عبرت پکڑیے

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے