65a854e0fbfe1600199c5c82

مہمان نوازی یا صحت دشمنی

 


مہمان نوازی یا صحت دشمنی


تحریر بشارت حمید 


کسی گھر میں مہمان آ جائے تو ہمارے کلچر میں اس کی مہمان نوازی کے لئے جو چیزیں پیش کی جاتی ہیں ان کا جائزہ لیا جائے تو شاید ہی کوئی صحت مند چیز ان میں شامل ہو ورنہ اکثر چیزیں وہ ہیں جن کے کھانے پینے سے ڈاکٹر حضرات منع کرتے ہیں۔ 


مثال کے طور پر۔۔۔ کولڈ ڈرنک کو ہی لے لیں۔۔ کسی کو گھر میں پڑا ہوا جام شیریں یا لیموں کی سکنجین یا لسی پیش کرکے دیکھ لیں۔۔ مہمان چاہے شوگر کا مریض ہی ہو۔۔ کبھی نہ کبھی یہ طعنہ ضرور آپ تک پہنچ جائے گا کہ ہمارے لئے بوتل نہیں منگوائی ۔۔ گھر میں پڑی چیز سے ہی کام چلا لیا۔۔ 


کولڈ ڈرنک کے نقصانات ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکال دیتے ہیں۔۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے پینا کولڈ ڈرنک ہی ہے۔۔ 


دوسری جانب میزبان بھی کئی بار بضد ہو جاتے ہیں ۔۔ مہمان چاہے چیختا رہے کہ بھائی مجھے اس سے مسئلہ ہوتا ہے میں نہیں پیتا آپ سادہ پانی پلا دیجئے لیکن نہ جی۔۔ مہمان کی چاہے ایسی کی تیسی ہو جائے بس ہم نے کولڈ ڈرنک منگوا لیا ہے اب تو پینا ہی پڑے گا۔۔ اجی پی لیں۔۔ایک گلاس سے کچھ نہیں ہوتا۔۔ 

ارے بھائی زہر کی چٹکی بھی بندہ مار دیتی ہے۔۔ اگر کوئی معذرت کر رہا ہے تو اس پر جبر تو نہ کیجئے۔ 


اسی طرح کھانے میں گوشت نہ ہو۔۔یا صرف گوشت نہ ہو۔۔ تو سمجھا جاتا ہے کہ مہمان نوازی میں کسر رہ گئی ہے۔ اگر میزبان نے گوشت میں کوئی سبزی مکس کر دی ہے تو ساری زندگی کا طعنہ بن جائے گا۔ لو جی ہم ان کے ہاں گئے تھے انہیں اتنی توفیق نہ ہوئی کہ اکیلا گوشت ہی پکا کرتے لیتے۔۔ پکایا بھی تو بیچ میں آلو ڈال دیئے۔۔ یا کوئی سبزی ڈال دی۔۔ 


حالانکہ اکیلا گوشت کھانا بھی صحت کے لئے مفید نہیں ہے۔ ڈاکٹرز کہتے ہیں گوشت میں کوئی سبزی مکس کرکے بنائیں تاکہ اس کے مضر اثرات کم ہو جائیں۔ 


اسی طرح ناشتے میں گھی سے لتھڑے ہوئے پراٹھے بھی فرض ہیں۔۔ چاہے کولیسٹرول کا لیول بڑھ جائے لیکن سادہ روٹی سے مہمان نوازی پوری نہیں ہوتی۔۔ 


ویسے ہمیں غور کرنا چاہیئے کہ مہمان نوازی کے نام پر جو کچھ ہمارے ہاں رواج ہیں۔۔ یہ مہمان سے ہمدردی ہے یا اس سے دشمنی۔۔ کہ وہ کوئی ایسی چیز نہ کھائے جو صحت کے لئے مفید ہو۔۔ 

اسی طرح مہمانان گرامی بھی سوچیں کہ تکلفات کے نام پر ہم جو کچھ میزبان سے پیش کرنے کی امید رکھتے ہیں کیا وہ ہماری صحت کی بربادی کا سامان تو نہیں ہے۔۔ آخر کیوں ہم مل جل کر اپنی صحت کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے