65a854e0fbfe1600199c5c82

 آپ بچوں کو مارتی ہیں؟


یہ مسئلہ میری تقریر سے حل نہیں ہوگا۔

آہستہ آہستہ  بار بار اپنے آپ کو چند باتیں بتائیں ۔


۱- کمزور پر ہاتھ اٹھا کر آپ اس کو یہ سکھا رہی ہیں کہ جس پر بس چلتا ہو اس کے ساتھ ایسا کرنا چاہئے۔اس کو اذیت دینی چاہئے۔ اپنے غصے، الجھنوں، محرومیوں، کمزوریوں اور نالائقیوں کا انتقام کمزور سے لینا چاہئے۔


۲- میری یہ بات اپنے آپ کو یاد کروادیں۔ اس دنیا میں آپ ہی اس کی پناہ گاہ ہیں۔ وہ خدا سے واقف نہیں۔ انسان کا تصور خدا آپ کی شکل میں اس کے سامنے مجسم ہے۔اس کے لئے 

آپ سے اس کی زندگی چل رہی ہے۔

آپ کھلاتی پلاتی، پہناتی، توجہ دیتی، پیار کرتی، مسئلے حل کرتی،  حفاظت کرتی ہیں۔

اگر انسان کو خدا چھوڑ دے تو وہ خود کشی کا سوچتا ہے۔


آپ نے اس  کے اس تصور کو تباہ کردیا تو زندگی میں اس کے ٹرسٹ اشوز رہیں گے۔ 

وہ نہ خود پر اعتبار کرسکیں گے نہ دوسروں پر۔

یا تو اعتماد کی کمی ہوگی یا خود جارحانہ رویہ رکھیں گے۔ 


۳۔ 

بچہ ہے ہی رونے، شور مچانے، غلطیاں کرنے، بات نہ سمجھنے، دنیا کو نہ سمجھنے، چیزیں خراب کرنے، گھر پھیلانے، گندگی پھیلانے کی مشین۔


آپ نہیں ہیں۔ 

اس کو سکھانا ہے اس سے توقع کیسے کی کہ اس کو یہ سب آتا ہوگا؟


جب آپ نفرت سے چیختی چلاتی مارتی ہیں تو آپ سمجھ رہی ہوتی ہیں کہ اس کو یہ سب آنا چاہئے تھا۔


۴۔ 

بچوں کو غلط بات پر سزا دینا، ڈانٹنا، ٹوکنا یہ سب تربیت کے لئے ضروری ہے۔ 

مگر بچوں پر چیخنا، طعنے دینا، برے القاب سے پکارنا، مارنا، جھنجھوڑنا ، 

ان کی بات نہین سننا۔۔۔

آپ آئینے میں دیکھئے۔۔۔۔ 

آپ کسی ہارر مووی کا مانسٹر بن جاتی ہیں۔

ماڈرن ہارر میں سب سے خوفناک کہانی یہ ہوتی ہے کہ چھوٹے بچے کی ماں ہی اصل میں عفریت ہوتی ہے۔ 


آپ اس کی ماں ہیں، اس کے لئے خدا جیسی ہیں، اس کی پناہ گاہ ہیں۔۔

دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیے۔ ان بچوں سے زیادہ آپ سے آج تک کسی نے اتنا پیار کیا ہے؟ 

جو آپ سے پیار کرتا ہے ۔۔ آپ اس کے ساتھ ایسا سلوک کریں گی؟؟


اب آپ مجھ سے ٹپ پوچھیں گی۔۔۔

صرف ایک ٹپ۔


اپنے آپ سے یہ وعدہ کریں کہ بچوں کو ماریں گی نہیں۔ طعنے نہیں دیں گی۔ تذلیل نہیں کریں گی۔ 

اور اس وعدے پر عمل کریں۔

یہ نشے اور بری عادت کی طرح ہے۔ 

بس کہیں کہ “میں نے نہیں کرنا” اور ایڑی چوٹی کا زور لگادیں کہ نہیں کرنا۔ 


میری اس تحریر کو کہیں لکھ کر لگا لیں۔ اور بار بار پڑھیں ۔


جویریہ سعید

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے