65a854e0fbfe1600199c5c82

دعوت کھیر یا دعوت خیر

 دعوت کھیر یا دعوت خیر


(ناصرالدین مظاہری) 


آج قدیم ترین روایات کے مطابق سہارنپور شہر کے ریماؤنٹ ڈپو سے متصل واقع گاؤں دابکی زنار دار میں مظاہرعلوم وقف کے تمام طلبہ وعملہ کی دعوت کا دن ہے، طلبہ اور اساتذہ پورے سال اس دن کا انتظار کرتے ہیں، گاؤں والے متحد ہوکر ہرسال اس دعوت کا نظم کرتے ہیں، یہ دعوت "دعوت کھیر" سے مشہور و معروف ہے، سو سال سے زیادہ عرصہ سے یہ دعوت بلافصل تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جب تک مظاہرعلوم ایک تھا تو ایک ہی دن دعوت ہوتی تھی لیکن جب ۱۹۸۸میں دار جدید الگ ہوگیا تو اہل بستی نے آپس میں مشورہ کرکے دعوت کا نظام دو جگہ اور الگ الگ دنوں میں کردیا، اس دن گاؤں والے بہت اہتمام سے گنے کے رس میں کھیر تیار کرتے ہیں، کھیر کے ساتھ دودھ اور عمدہ بریانی بھی تیار ہوتی ہے، گاؤں والوں کی خوشی دیدنی ہوتی ہے، بچے بچیاں عمدہ کپڑے پہنتے ہیں، رات میں ایک جلسہ بھی ہوتاہے اس جلسے میں مظاہرعلوم وقف سے اساتذہ بلائے جاتے ہیں، صبح ہوتے ہی دس بجے کے قریب کھانا کھلانا شروع کردیا جاتاہے، گاؤں والے طلبہ کو لانے لے جانے کے لئے بسوں کا انتظام کرتے ہیں، بسیں صبح سے آنا جانا شروع ہوجاتی ہیں، عجیب منظر ہوتاہے، یہ واحد دن ہے کہ مدرسہ کا مطبخ نصف یوم بند رہتا ہے ورنہ پورے سال ایک دن بھی مطبخ بند نہیں ہوتاہے۔ 


ہمارے طالب علمی کے زمانے میں ٹریکٹر ٹرالی سے طلبہ لائے لے جائے جاتے تھے اب ماشاءاللہ ترقی ہوگئی ہے۔ بسیں شروع ہوگئی ہیں، اس میں راحت بھی ہے حفاظت بھی ہے۔ 


اساتذہ کے لئے الگ سے کھانے کا نظم ہوتا ہے اس میں ساگ، چاول اور مکئی کی روٹی اور قورمہ کا بھی انتظام ہوتاہے۔ 


سنا ہے کہ کسی زمانے میں اس گاؤں میں ہرسال آگ لگ جاتی تھی کسانوں کا بہت نقصان ہوجاتا تھا، گاؤں والے مظاہر علوم آئے اور آگ لگنے کا واقعہ بتایا، یہاں سے جواب دیا گیا کہ سب لوگ مل کر طلبہ کی دعوت کردیا کرو ان شاءاللہ آگ نہیں لگے گی، چنانچہ اس مشورہ پر عمل ہوا، دعوت کی گئی آگ اس سال نہیں لگی۔ درمیان میں اہل قریہ نے سوچا کہ اب دعوت روک کر دیکھتے ہیں اتفاق کی بات اسی سال پھر آگ لگ گئی۔ بس وہ دن تھا اور آج کا دن ہے دعوت مستقل اور مسلسل جاری ہے، پورا گاؤں اس دعوت میں شریک رہتا ہے، پہلے مہمانوں کو کھلاتے ہیں پھر خود کھاتے ہیں۔ 


کیا اہل مدرسہ اور کیا اہل قریہ ایسا منظر دیکھنے کو پورے سال تک آنکھیں ترستی ہیں۔ مائک کا نظم بھی رہتا ہے، مختلف ہدایات، نعت اور تلاوتیں بھی بچے کرتے رہتے ہیں۔ سچ پوچھو تو یہ دن اہل مظاہر کے لئے بڑا تاریخی ہے۔ پرانے فاضلین بھی اس دعوت کا تذکرہ لطف لے لے کر کرتے ہیں۔ 

اللہ پاک گاؤں والوں کی محبتوں کو قبول فرمائے، برکتوں سے مالامال رکھے۔ 


(۲۴/رجب المرجب ۱۴۴۵ھ دوشنبہ)

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے