یہ تھے حضرت مولانا محمد سعیدی رحمہ اللہ
(قسط نمبر 27)
(ناصرالدین مظاہری)
آپ کے دورِ نظامت میں مظاہر علوم وقف کے مرکزی کتب خانے میں تعمیراتی کام تو نہیں ہوا، کیونکہ بظاہر کوئی گنجائش بھی نہیں تھی۔ لیکن آپ چاہتے تھے کہ اگر توسیع کی ضرورت پیش آئے تو متصل مکتب کو کتب خانے میں شامل کرلیا جائے، اور مکتب کے لیے مہمان خانے کی تیسری منزل تیار کرادی جائے۔
تاہم بعض کام ایسے انجام پائے جن کی مدت سے ضرورت تھی، لیکن کلُّ شَیءٍ مَرهونٌ بِأوقاتِہٖ۔ ہر چیز کا ایک وقت متعین ہے۔ چنانچہ مظاہر علوم کے ڈیڑھ ہزار مخطوطات کا عربی اور اردو میں تعارف لکھنے کے لیے باقاعدہ نوجوان باصلاحیت عالم و مفتی، مولانا محمد احکام قاسمی کا تقرر کیا گیا اور انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی۔ الحمدللہ تقریباً تین جلدوں پر عربی میں تعارف مکمل ہوا۔ پھر اردو میں بھی یہ کام تکمیل پذیر ہوا۔ اب آپ کا ارادہ ان مخطوطات کی طباعت و اشاعت کا تھا، اور یہ بھی چاہتے تھے کہ یہ مکمل تعارف یونیکوڈ میں مظاہر علوم وقف سہارنپور کی ویب سائٹ پر بھی اپلوڈ ہو جائے، تاکہ پوری دنیا کو علم ہوسکے کہ مظاہر علوم کے اس کتب خانے میں کون کون سے مخطوطات اور ہیرے جواہرات موجود ہیں۔
ویب سائٹ پر یاد آیا کہ پہلے مدرسہ کی کوئی ویب سائٹ نہیں تھی۔ پھر آپ نے طے فرمایا کہ مدرسہ کی اپنی ویب سائٹ ہونی چاہیے۔ اس کے لیے مواد، عناوین، ہیڈنگ اور بنیادی معلومات کی ترتیب کا بڑا کام تھا، جس کے لیے راقم الحروف کو حکم دیا۔ احقر نے الحمدللہ مکمل تعارف قلم بند کیا اور ویب سائٹ کے رجسٹریشن کا عمل پورا ہونے کے بعد اس کی اپلوڈنگ کا کام بھی کرایا۔ تادمِ تحریر بلا مبالغہ جتنا تعارفی مواد مظاہر علوم وقف کی ویب سائٹ www.mazahiruloom.org پر مل جائے گا، وہ باہر ہارڈ کاپی میں نہیں مل سکے گا۔ ضرورت ہے کہ اس مواد کو کتابی شکل میں بھی شائع کردیا جائے۔
حضرت ناظم صاحب نے ویب سائٹ کی دیکھ ریکھ کی ذمہ داری پہلے احقر کے سپرد فرمائی، پھر مفتی محمد بدران سعیدی کو امر فرمایا اور مستقل شعبہ کی حیثیت سے کام کرنے کا حکم دیا۔ کیونکہ اردو کی طرح عربی اور انگریزی میں بھی اس کا تعارف نہایت ضروری ہے۔ چنانچہ دونوں کام جاری ہیں اور اب مفتی محمد فرحان سعیدی ان امور کو دیکھ رہے ہیں۔
میرا ارادہ تھا کہ یہ ویب سائٹ دورِ حاضر کے جدید تقاضوں سے بھی ہم آہنگ ہو۔ یعنی:
فوری طور پر استفتاءات کے جوابات کا نظام ہو،
مدرسہ کے تعارف پر مطبوعہ تمام کتابوں کی پی ڈی ایف اپلوڈ ہوں،
فرقِ باطلہ کے رد میں بنیادی کتابیں شامل ہوں،
جدید ترین معیاری مضامین اور ماہنامہ آئینہ مظاہر علوم کی پی ڈی ایف اور یونیکوڈ کاپی بھی مہیا کرائی جائے۔
اب جب کہ ناظم صاحب ہمارے درمیان نہیں رہے تو میں امید کرتا ہوں کہ نئے ذمہ دار حضرت مولانا مفتی محمد بدران سعیدی صاحب اس سلسلہ میں ضرور غور فرمائیں گے۔
ناظم صاحب نے تمام مخطوطات کی اسکیننگ کا کام کرنے کا حکم بھی دے دیا تھا اور اس پر عمل بھی مسلسل جاری ہے۔
(جاری ہے)
-----------
0 تبصرے