سنو سنو!!
ہوائی جہاز میں سفر کے آداب
(ناصرالدین مظاہری)
ہوائی جہاز کا سفر عام آدمی شاذ و نادر ہی کرتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ جب بھی یہ سفر پیش آئے تو مکمل سنجیدگی اور تہذیب کے ساتھ کیا جائے۔ سب سے پہلے طیارے میں قدم رکھتے ہوئے بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھیں۔ داخل ہونے سے پہلے بورڈنگ پاس اچھی طرح دیکھ لیں اور اپنی ہی سیٹ پر بیٹھیں؛ کسی اور کی جگہ قطعا نہ بیٹھیں۔
ہوائی سفر کے دوران معلوم نہیں ہوتا کہ آپ کے دائیں بائیں کون بیٹھا ہے، اس لیے بلا وجہ بات چیت سے گریز کریں اور اپنے اس وقت کو ذکر، تلاوت، مطالعہ یا آرام میں گزاریں۔
موبائل میں ویڈیو یا آڈیو چلانا سخت معیوب ہے، کیوں کہ اس سے ساتھ بیٹھے ہوئے مسافر کو تکلیف ہوتی ہے۔ اگر آپ کے پاس ہیڈ فون یا واک مین ہو تو پڑوسی کی دل آزاری نہیں ہوگی۔
ائرہوسٹس کو پریشان کرنا بھی مناسب نہیں۔ وہ بھی انسان ہے، مسلسل کھڑی رہتی ہے، اپنے فرائض نبھاتی ہے؛ لہٰذا بلا ضرورت آوازیں دینے یا مطالبات کرنے سے گریز کریں۔ وہ نامحرم ہے اسے نہ دیکھیں ، اسی طرح جہاز کی گیلری میں اِدھر اُدھر کھڑے ہونا بھی غلط اور دوسروں کے لیے تکلیف دہ ہے۔
سیٹ بیلٹ ضرور باندھیں۔ یہ آپ کی حفاظت کے لیے ہے، کسی پابندی کے لیے نہیں۔
بلند آواز میں بات نہ کریں، نہ جھگڑا کریں۔ کھانے پینے میں جو چیز پسند ہو، وہی طلب کریں۔ تھیلیاں، چائے کے کپ، پیکٹ یا بچے ہوئے اجزاء سیٹ یا فرش پر ہرگز نہ پھینکیں۔
اگر دورانِ سفر جوتے اتارنے سے بدبو محسوس ہو تو فوراً پہن لیں تاکہ کسی دوسرے کو تکلیف نہ پہنچے۔
بہتر ہے کہ ایئرپورٹ پر داخل ہونے سے پہلے ہی اپنی تمام ضروریات پوری کر لیں، کیونکہ طیارے کے حمامات میں پانی کی سہولت نہیں ہوتی ہے۔
لینڈنگ کے بعد کا ادب:
طیارہ جب زمین پر اترے تو اکثر لوگ جہاز رکنے سے پہلے ہی کھڑے ہو جاتے ہیں۔ یہ انتہائی غیر مہذب رویہ ہے۔
دروازہ کھلنے اور سیڑھیاں لگنے میں چار پانچ منٹ لگ جاتے ہیں۔ اس وقت کھڑے رہنے سے نہ آپ پہلے نکل سکتے ہیں، نہ کوئی فائدہ ہوتا ہے، بلکہ گیلری میں دھکا مکی اور بےچینی پیدا ہوتی ہے۔
یاد رکھیے کہ جہاز کی تنگ گیلری میں دو افراد بھی آرام سے نہیں گزر پاتے، چہ جائیکہ سب ایک ساتھ کھڑے ہوں۔
اس لیے دانش مندی یہ ہے کہ اپنی نشست پر بیٹھے رہیں، مکمل سکون کے ساتھ اپنی باری کا انتظار کریں، اور عملے کے اعلان کے مطابق ترتیب سے باہر نکلیں۔
ترتیب یہ ہے کہ داخل ہوتے وقت سب سے پہلے پیچھے والوں کو لیا جاتا ہے اور اترتے وقت سب سے پہلے آگے والوں کو نکلنے کا موقع دیا جاتا ہے اسی لئے آپ نے اپنے بورڈنگ کارڈ پر زون 1 ، زون 2 زون 3 لکھا دیکھا ہوگا۔
بیس جمادی الثانی چودہ سو سینتالیس ہجری

0 تبصرے